Friday, April 10, 2020

کیا تبلیغی جماعت اپنے خاتمے کے قریب ہے



از محسن عتیق خان
مدير سہ ماہی عربی میگزین "اقلام الہند"

دنیا کے اکثر ملکوں میں اپنے قدم مضبوطی سے جمانے والی تبلیغی جماعت کا وجود خطرے میں نظر آرہا ہے- یہ وہ جماعت ہے جسے مولانا الیاس کاندھلوی رحمت  الله علیہ نے قائم کیا تھا اور اسکا مقصد تھا کی علما قریہ قریہ شہر شہر گھوم کر عام مسلمانوں سے رابطہ قائم کریں اور انھیں دین کے اولین ارکان و اصول سے متعارف کرایں- 

اس جماعت کی ابتدا میوات کے ایک شہر نوح سے ہوئی تھی جہاں مولانا الیاس رحمت  الله علیہ نے پہلی بار لوگوں کی الگ الگ جماعتیں تشکیل دیں اور مختلف گاؤوں میں تبلیغ کے لئے بھیجا جو اگلے ہفتے سوہنے میں اکٹھا ہوئیں جہاں مولانا نے ازسرنو جماعتوں کی تشکیل کی اور انھیں الگ الگ مقامات کے لئے روانہ کیا اور اس طرح یہ سلسلہ چل پڑا، یہ تقریبا ١٩٢٩ کی بات ہے- 

ہندوستان کے چھوٹے سے شہر سے شروع ہونے والی تبلیغ کی غرض سے بنائی گئی یہ تحریک دھیرے دھیرے پورے ہندوستان میں پھیلنے لگی اور مختلف رکاوٹوں اور شدید مخالفتوں کے باوجود، اپنی تاثیر اور اخلاص کی وجہ سے اگلی نصف صدی کے اندر نہ صرف ہندوستان کے کونے کونے پھیل گئی بلکی دنیا کے دوسرے ممالک میں اس کے مراکز قائم ہوے اور دیکھتے دیکھتے وہ دنیا کی ایک مضبوط اور منظّم تحریک کی شکل میں سامنے آئ-

لیکن جیسا کی عموما ہوتا ہے، "لكل شيئ إذا ما تم نقصان" يعني جب کوئی چیز اپنے عروج کو پہونچ جاتی ہے تو پھر اسکا زوال شروع ہوتا ہے اور یہی کچھ ہم تبلیغی جماعت کے بارے میں دیکھ رہے ہیں- پچھلے دو چار سالوں میں اس جماعت کی داخلی رسّہ کشی اور آپسی چپکلش کی وجہ سے کئی ایسے مواقعے آے جب اس جماعت کے افراد آپس میں دست و گریباں نظر آے جس نے انکے اخلاص پر سوالیہ نشان لگا دیا، اسکے علاوہ اسلام کے وسیع مہفوم سے ناواقفیّت اور اسکے تعلّق سے ان میں مسلسل بڑھتی تنگ نظری کے نتیجے میں جمود کے کالے بادل ان پر چہاتے چلے گئے- اور پچھلے کچھ دنوں میں عالمی وبا کی صورت میں جو عذاب الہی دنیا پر نازل ہوا اسکے تئیں اس جماعت کے افراد کی بے حسی اور احتیاطی تدابیر نہ اختیار کرنے کی ضد کے نتیجے میں فرشتہ صفت گردانے جانے والے انسانوں کے اس گروہ کو کم از کم بر صغیر ہند و پاک میں  عذاب الہٰی نے سب سے زیادہ متاثر کیا ہے- جس سے نہ صرف یہ جماعت بدنام ہوئی بلکہ پوری امّت مسلمہ کو ذرائع ابلاغ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور یہ تاثر دینے کی کوشس کی گئی کہ گویا ہندوستان میں یہی لوگ ہیں جو کورونہ جیسی مہلک بیماری کے پھیلنے کا اصل سبب ہیں بلکہ یہاں تک کہا گیا کہ انہونے نے سازشا اسے ہندوستان میں پھیلایا ہے- انکی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہندوستان میں تبلیغی جماعت کے مرکز پر پابندی کی آوازیں اٹھنے لگیں ہیں- 

اونٹ آگے کس کروٹ بیٹھے گا یہ تو خدا ہی جانتا ہے لیکن اس جماعت کا مستقبل تاریکی میں ڈوبتا نظر آرہا ہے، کہنا مشکل ہے کہ اگر اس جماعت پر ہندوستان میں پابندی عاید ہوتی ہے تو یہ باقی رہ پاۓ گی یا نہیں، ہم بس الله سے خیر کی امید رکھ سکتے ہیں-

No comments:

مولانا مقبول احمد سالک صاحب سے چند ملاقاتیں اور باتیں

  مولانا مقبول احمد سالک صاحب سے چند ملاقاتیں اور باتیں تقریباً دو ہفتے قبل 12 ستمبر کو مولانا کی علالت کی خبر شوشل میڈیا کے ذریعے موصول ہوئ...